7

بنوں میں خوارجی گروہ کے ساتھ انکاؤنٹر میں پانچ خوارجی دہشتگرد واصل جہنم

(ساجد بلوچ)  بنوں میں خوارجی گروہ کے ساتھ انکاؤنٹر میں پانچ خوارجی دہشتگرد واصل جہنم کر دیئے گئے۔ اب فرار ہونے والے دہشتگردوں کا پیچھا کیا جا رہا ہے۔

 سی ٹی ڈی بنوں ریجن نے لوکل پولیس کے ہمراہ ضلع بنوں کے علاقہ گلبہار حدود تھانہ حوید میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر ایک ٹارگٹڈ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن (IBO) کیا۔ آپریشن انتہائی مربوط منصوبہ بندی اور پیشہ ورانہ حکمتِ عملی کے تحت عمل میں لایا گیا تاکہ دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو مؤثر انداز میں محدود کیا جا سکے۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی کی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس (SWAT) ٹیم اور لوکل پولیس کے جوانوں کو دیکھتے ہی بے دریغ اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ حقِ حفاظتِ خود اختیاری کے تحت فورسز نے فوری، مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 40 منٹ تک جاری رہا، جس کے بعد علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 5 خارجی ہلاک جبکہ متعدد دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کی بھاری نفری نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر علاقے کا محاصرہ کر لیا، جبکہ فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے تعاقب اور سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔

ہلاک دہشت گردوں کی شناخت، کرمنل پروفائلنگ اور فرانزک تجزیے کا عمل جاری ہے۔ جبکہ ان کے سہولت کاروں، مالی معاونین، لاجسٹک سپورٹرز اور دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:  محسن نقوی کی بنوں میں خوارجیوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر خیبرپختونخوا پولیس اورسی ٹی ڈی کی ستائش  

کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 5 عدد کلاشنکوفیں، 10 عدد میگزین، 5 عدد بنڈولیئر، 2 عدد ہینڈ گرینیڈز اور بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد ہوا، جسے فرانزک تجزیے اور مزید تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا   ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی کی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس (SWAT) ٹیم اور لوکل پولیس کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، غیر معمولی جرات، بروقت ردعمل اور کامیاب آپریشنل صلاحیت کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ “فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور معاون نیٹ ورکس کے خلاف انٹیلیجنس پر مبنی کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔ دہشت گردوں کو ان کے محفوظ ٹھکانوں تک تعاقب کرکے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ “شہداء کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے، ریاستی رٹ کے استحکام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سی ٹی ڈی اور خیبرپختونخوا پولیس پوری قوت، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ اپنی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھیں گی۔” آئی جی سی ٹی ڈی کی کامیاب کارروائی پر SWAT ٹیم اور لوکل پولیس کے جوانوں کو شاباش، پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں:  امریکہ نے آج شب ایران پر نئے حملے شروع کر دیئے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں