پاکستان اور عمان کا دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق، ویزا مسائل کے حل کے لیے متعلقہ وزارتوں سے رجوع کرنے کا فیصلہ
مسقط: وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی عمان کے وزیر تجارت، صنعت و سرمایہ کاری سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور عمان کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان اور عمان کے درمیان ویزا سے متعلق مسائل کے حل کے لیے متعلقہ وزارتوں سے رجوع کرنے اور مشترکہ ورکنگ گروپ برائے تجارت و سرمایہ کاری کو مؤثر انداز میں فعال بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے عمان کے قومی دن پر عمانی وزیر تجارت کو مبارکباد پیش کی اور عمان کی امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان خوشگوار تعلقات اور جغرافیائی قربت اقتصادی تعاون کے فروغ کی مضبوط بنیاد ہیں۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ آٹھویں پاکستان عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں طے پانے والا جامع پروٹوکول دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کا مؤثر روڈ میپ ہے۔ پاکستان اور عمان کے تاجروں اور کاروباری شخصیات کے روابط بڑھانے کی ضرورت ہے جبکہ اقتصادی تعاون کو توانائی کے شعبے سے آگے دیگر شعبوں تک وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
عمانی وزیر تجارت نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا معاہدہ پاکستان اور عمان کے درمیان طویل المدتی اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کی بنیاد بنے گا۔






