1

معروف فٹ بالر لیو نل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کی ایک ہی ٹیم میں شرکت متوقع

(24 نیوز)ارجنٹائن کے سابق سٹار فٹ بالر کارلوس تیویز کے الوداعی میچ میں لیونل میسی کی شرکت پر مہر لگ گئی ہے، جبکہ دنیا بھر کے شائقین کی نظریں اب کرسٹیانو رونالڈو کے فیصلے پر ٹکی ہیں جنہیں اس خاص تقریب کی دعوت دی گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ رنگا رنگ نمائشی میچ 20 دسمبر کو بیونس آئرس کے تاریخی ’لا بومبونیرا‘ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جسے ’اپاچیز لاسٹ ڈانس‘ (Apache’s Last Dance) کا عنوان دیا گیا ہے۔

42 سالہ کارلوس تیویز نے 2022 میں اپنے آبائی کلب بوکا جونیئرز کی نمائندگی کرتے ہوئے پیشہ ورانہ فٹبال سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ اپنے شاندار کیریئر میں تیویز کو یہ منفرد اعزاز حاصل رہا کہ وہ ارجنٹائن کی قومی ٹیم میں لیونل میسی کے ساتھ کھیلے، جبکہ مانچسٹر یونائیٹڈ میں کرسٹیانو رونالڈو کے ہمراہ بھی میدان میں اترے۔

رپورٹس کے مطابق اگر پرتگالی سپر اسٹار رونالڈو اس دعوت کو قبول کر لیتے ہیں تو فٹبال کی تاریخ کا ایک یادگار لمحہ دیکھنے کو ملے گا، جب برسوں تک ایک دوسرے کے سب سے بڑے حریف رہنے والے میسی اور رونالڈو پہلی بار ایک ہی ٹیم کی جرسی پہن کر ایکشن میں نظر آئیں گے۔

 میسی کی آمد تو طے ہو چکی ہے، البتہ سعودی کلب النصر کے ساتھ مصروفیات کے باعث رونالڈو کی شرکت کا حتمی فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔

اس یادگار میچ کو چار چاند لگانے کے لیے فٹبال کے کئی دیگر بڑے نام بھی میدان میں اتریں گے، جن میں اٹلی کے لیجنڈری گول کیپر جان لوئیجی بوفون، خوان رومان ریکلمے، ریو فرڈینینڈ، سرخیو آگوئرو، مارٹن پالرمو اور گیبریل باتیستوتا شامل ہیں، جبکہ دونوں ٹیموں کی کوچنگ کے فرائض روبرٹو مانچینی اور کارلوس بیانکی سنبھالیں گے۔

یہ بھی پڑھیں :کیا محمد سراج ڈگ آؤٹ میں رو رہے تھے؟ سابق بھارتی کرکٹرز اہم سوالات اٹھا دئیے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں