
(سید نعمان شاہ )مانسہرہ کے سیاحتی مقام ناران میں تیز بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ کے شدید خدشات کے پیشِ نظر انتظامیہ نے سیاحوں کے جھیل سیف الملوک جانے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز علاقے میں ہونے والے کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث جھیل سیف الملوک روڈ کا ایک بڑا حصہ ندی برسرِ راہ بہہ گیا تھا، جس کی وجہ سے جھیل کی طرف گئے ہوئے ہزاروں سیاح وہاں پھنس کر رہ گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے فوری ریسکیو آپریشن شروع کیا اور رات گئے تمام پھنسے ہوئے سیاحوں کو بحفاظت ناران منتقل کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں:تیسرے روز بھی شدید بارشیں!حکومت نے سیاحوں کےسفر پر پابندی لگا دی
ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کی ہدایت پر جھیل سیف الملوک روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک اور پیادہ آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جھیل روڈ کو کی جانے والی تعمیرِ نو اور موسم کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد ہی دوبارہ سیاحوں کے لیے کھولا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خراب موسم اور شدید بارشوں کے پیشِ نظر بالائی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں تاکہ کسی بھی ناگہانی آفت سے بچا جا سکے۔






