
(24 نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن نورین نیازی نے اداروں کے خلاف متنازعہ بیانات کے حوالے سے این سی سی آئی اے نوٹس پر ابتدائی جواب جمع کرا دیا۔
نورین نیازی نے نوٹس میں الزامات کی مکمل تفصیلات فراہم نہ کرنے پر اعتراض اُٹھا دیا، نورین نیازی نے نوٹس میں لگائے گئے تمام الزامات کی سختی سے تردید کر دی، ذاتی حیثیت میں اسلام آباد طلبی پر قانونی اعتراض اٹھا دیا گیا۔
نورین نیازی نے جواب فیصل ملک ایڈوکیٹ کے ذریعے این سی سی آئی اے میں جمع کرایا، نورین نیازی نے شکایت، شواہد اور مبینہ مواد فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا، مکمل ریکارڈ ملنے پر تفصیلی جواب جمع کرایا جائے گا۔
جواب میں این سی سی آئی اے سے قانونی تقاضے پورے کرنے کی استدعا کی گئی، جواب میں آئین، پیکا ایکٹ اور ضابطہ فوجداری کا حوالہ بھی دیا گیا، غیر قانونی دباؤ یا تادیبی کارروائی سے گریز کرنے کی درخواست بھی کی گئی۔
جواب میں موقف اپنایا گیا کہ کسی ریاستی ادارے کے خلاف نفرت انگیز مواد نہیں پھیلایا،قانونی حقوق محفوظ رکھتے ہوئے تحقیقات میں تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی، این سی سی آئی اے نے نورین نیازی کو 27 جولائی کو پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔
یہ بھی پڑھیں :اسلام آباد بلدیاتی انتخابات: یونین کونسلز کی تعداد میں اضافے کا شیڈول جاری






