
(24نیوز)پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کے حق میں کل صبح 6 بجے سے ملک بھر میں 24 گھنٹے کی ہڑتال کا اعلان کر دیا۔
چیف ایڈوائزر پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ملک خدا بخش نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین اوگرا سے ان کے دفتر میں ملاقات ہوئی، تاہم روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ڈیلرز کے لیے قابل قبول نہیں، ان کا کہنا تھا کہ قیمتوں کا تعین ماہانہ بنیادوں پر کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیلرز کو صرف ایک فیصد کمیشن دیا جا رہا ہے، جس پر شدید تحفظات ہیں اور موجودہ کمیشن کاروباری اخراجات پورے کرنے کے لیے ناکافی ہے۔
ملک خدا بخش کے مطابق کل صبح 6 بجے سے ملک بھر کے پیٹرول پمپس 24 گھنٹوں کے لیے بند رہیں گے، انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ہڑتال میں توسیع کی جا سکتی ہے جبکہ مطالبات مسلسل نظرانداز ہونے کی صورت میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال بھی کی جا سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مسٹر بیسٹ کی دلہن کون؟سب حیران رہ گئے!
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں 625 جبکہ سندھ بھر میں ساڑھے تین ہزار سے زائد پیٹرول پمپس موجود ہیں، جو ہڑتال میں شریک ہوں گے۔






