5

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اینٹی نارکوٹکس فورس میں نئی بھرتیوں سے روک دیا

(احتشام کیانی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے اینٹی نارکوٹکس فورس میں نئی بھرتیوں سے روک دیا۔
 عدالت نے آسامیوں کی بھرتی کے لئے دیے گئے اشتہار پر کیس کے حتمی فیصلے تک عملدرآمد سے روک دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محمد اعظم خان نے متفرق درخواست پر احکامات جاری کرتے ہوئے کہاکہ بھرتیوں کے اشتہار پر عملدرآمد مرکزی درخواست پر حتمی فیصلے تک معطل رہے گا۔ 
عدالت نے متفرق درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر تے ہوئے حکم نامے میں کہاکہ عدالت درخواست کے میرٹ پر جائے بغیر متفرق درخواست منظور کر رہی ہے،عدالت نے اشتہار پر عملدرآمد سے روکنے کی متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے نمٹا دی اور مرکزی کیس 22 اگست کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔
اے این ایف کے کانسٹیبل محمد شفیق خان نے آسامیوں کے اشتہار کو چیلنج کررکھا ہے جس میں وزارتِ داخلہ، وزارتِ قانون اور ڈائریکٹر جنرل اے این ایف کو فریق بنایا گیاہے۔
درخواست میں مؤقف اختیارکیاگیاہے کہ اے این ایف میں گزشتہ 10 سال سے ایک ہی عہدے پر کام کر رہا ہوں، کوئی ترقی نہیں دی گئی،محکمے میں 665 کانسٹیبلز کی سینیارٹی لسٹ میں میرا نمبر 232 ہے، ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کا اجلاس بلائے بغیر نئی براہِ راست بھرتیوں کا اشتہار دینا غیرقانونی ہے، اے این ایف کے سروس رولز کے تحت پہلے سے موجود ملازمین کی ترقی کا حق ختم کر کے براہِ راست بھرتی کا اشتہار دیا گیا، دیگر اداروں سے ڈیپوٹیشن پر آنے والے افسران کی غیرقانونی انٹری روک کر سویلین ملازمین کا سروس سٹرکچر بحال کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:لاہور ہائیکورٹ میں 10 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کی سمری وزیراعظم آفس کو موصول

درخواست میں استدعاکی گئی ہے کہ عدالت اے این ایف کا جاری کردہ حالیہ بھرتیوں کا اشتہار غیرقانونی قرار دے کر کالعدم کرے، اورتمام خالی آسامیوں پر محکمانہ ترقیوں کے لیے ڈی پی سی فوری تشکیل دینے کا حکم جاری کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں