2

ٹانک میں فتنہ الخوارج کا حملہ ناکام 12 دہشت گرد ہلاک 15 جوان شہید

(احمد منصور) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ٹانک میں جوائنٹ پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے بزدلانہ حملے میں 15 بہادر جوان شہید ہو گئے جبکہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 23 اور 24 جولائی 2026 کی درمیانی شب ضلع ٹانک میں مشترکہ پولیس چیک پوسٹ پر بھارتی سرپرستی میں چلنے والی فتنہ الخوارج کے خوارج نے بزدلانہ دہشت گرد حملہ کیا۔

حملہ آوروں نے چیک پوسٹ کی سکیورٹی توڑنے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز کے بروقت، مستعد اور فیصلہ کن ردعمل نے ان کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیئے۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق جوانوں نے غیر متزلزل جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرار ہونے والے 12 خوارج کو نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا، مایوسی کے عالم میں دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی حفاظتی دیوار سے ٹکرا دی، دھماکے کے شدید اثرات سے چیک پوسٹ کا انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا، حملے میں 15 بہادر سپوتوں نے جامِ شہادت نوش کیا، جن میں 12 فوجی، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک سرکاری اہلکار شامل ہے۔

 آئی ایس پی آرکے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی بھارتی سرپرستی میں چلنے والے خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے،نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن “عزمِ استحکام” کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز مہم پوری شدت سے جاری رہے گی۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، ہمارے بہادر جوانوں کی یہ عظیم قربانیاں ہر قیمت پر وطن کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں