3

دریائے چناب میں درمیانے درجے کا سیلاب الرٹ جاری

(24نیوز)این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی تازہ ترین صورتحال جاری کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں سیلاب کے خدشے سے خبردار کردیا۔
این ڈی ایم اے کےمطابق دریائےچناب میں خانکی، قادرآباداورچنیوٹ پل پر درمیانے درجےکا سیلاب ہے جبکہ پلکھو نالہ وزیرآبادمیں بھی درمیانے درجےکاسیلاب ریکارڈکیاگیاہے،دریائےسندھ میں کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پرنچلےدرجےکا سیلاب ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق چناب میں مرالہ اور تریموں،راوی میں بلوکی اورسدھنائی جبکہ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے،نالہ ایک اور پلکھو نالہ کینٹ پل پر بھی کم درجے کا سیلاب ہے،چناب میں مرالہ، خانکی، قادرآباد اور چنیوٹ پل پرپانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کا امکان ہے،تریموں بیراج پر پانی کی سطح بڑھ کر درمیانے درجے کے سیلاب تک پہنچ سکتی ہے
این ڈی ایم اے کےمطابق گوجرانوالہ،منڈی بہاؤالدین،سیالکوٹ،نارووال،فیصل آباد، سرگودھا میں سیلابی صورتحال کاخطرہ ہے،جھنگ،ملتان، حافظ آباد اور لاہور کےشہری علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے،اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے برساتی ندی نالوں اور شمالی بلوچستان میں اچانک سیلابی صورتحال جبکہ آئندہ دو روز کے دوران ڈی جی خان کے پہاڑی ندی نالوں میں بھی سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے عوام کو ممکنہ طور پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے غیر ضروری سفرجبکہ  متعلقہ اداروں کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی، ہنگامی ٹیموں کی تیاری اور ممکنہ بند شاہراہوں کی فوری بحالی کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے کہاگیاہے کہ مون سون کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، ملبے کے ریلوں اور اچانک آنے والے سیلاب کا خطرہ بڑھ جاتا ہے،سفر سے پہلے موسم کی تازہ ترین پیش گوئی اور سڑکوں کی صورتحال ضرور معلوم کریں، اگر شدید بارش یا کسی بھی ممکنہ خطرے کی وارننگ جاری ہو تو غیر ضروری سفر سے گریز کریں،تنگ راہداریوں، خطرناک ڈھلوانوں، دریا کے کناروں یا ایسے مقامات پر ہرگز نہ رکیں جہاں پتھر گرنے یا مٹی کھسکنے کا خطرہ ہو،اگر سڑک یا پہاڑی ڈھلوان پر دراڑیں، گرتے ہوئے پتھر، ملبہ، سڑک پر بہتا ہوا کیچڑ یا غیر معمولی گرجنے کی آواز سنائی دے تو فوراً اس مقام سے دور ہو جائیں اور محفوظ جگہ منتقل ہو جائیں۔
این ڈی ایم اےکی جانب سے مزیدکہاگیاہے کہ سیلابی پانی یا تیز بہاؤ کو پیدل یا گاڑی کے ذریعے ہرگز عبور نہ کریں، یاد رکھیں تیز بہاؤ والا پانی خواہ کم گہرا ہی کیوں نہ دکھائی دے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے اور انسانوں یا گاڑیوں کو بہا لے جا سکتا ہے،سفر کے دوران اپنے ساتھ پینے کا پانی، خشک خوراک، ٹارچ، ابتدائی طبی امداد کا سامان، پاور بینک اور ہنگامی رابطہ نمبرز ضرور رکھیں،احتیاطی تدابیر اختیار کریں، متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں اور انتظامیہ کی جانب سے بند کی گئی سڑکوں پر سفر سے مکمل گریز کریں۔

یہ بھی پڑھیں:گوجرانوالہ اور پنڈی ڈویژن میں سب سے زیادہ بارش ہوئی؛ ڈی جی پی ڈی ایم اے
این ڈی ایم اے کی جانب سے مزیدکہاگیاہے کہ عوام این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘‘سے بروقت معلومات حاصل کریں،این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں