
(ملک رحمان)پی ڈی ایم اے نے بالائی اضلاع میں’’ گلاف‘‘ کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق گرم موسمی حالات اور وقفے وقفے سے بارشوں کے باعث گلیشیئرز کے پگھلاؤ میں تیزی کا امکان ہے، گلیشیئر جھیلوں کے حجم اور پانی کی سطح میں اضافے کا خدشہ ہے.
الرٹ کے مطابق گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے سے اچانک سیلاب اور تیز پانی کے بہاؤ کا خطرہ موجود ہے،چترال اپر، چترال لوئر، اپر دیر، سوات، اپر کوہستان اور مانسہرہ کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کردیا گیا جبکہ حساس گلاف مقامات کی مسلسل نگرانی اور بروقت وارننگ یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔
خطرے سے دوچار علاقوں میں انخلا کی مشقیں اور محفوظ مقامات کو تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ، نشیبی علاقوں کے مکینوں کو گلاف کے ممکنہ خطرے سے بروقت آگاہ کیا جائے، عوام دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیئر جھیلوں اور تنگ پہاڑی وادیوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق سیاح اور مسافر خطرے سے دوچار علاقوں میں غیر ضروری سفر، کیمپنگ اور ٹریکنگ سے گریز کریں،تیز بہتے پانی یں گاڑیوں کے بہہ جانے کا خطرہ، شہری احتیاط کریں۔
یہ بھی پڑھیں :کویت نے پاکستان کیساتھ دفاعی شعبے میں تعاون کے معاہدے کی منظوری دے دی






