
( وقاص عظیم) وفاقی حکومت نے ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے مزید اقدامات کی تیاری شروع کر دی ہے۔ اس سلسلے میں وزیر خزانہ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس آج ہوگا، جس میں 6 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں برآمدات کے فروغ کے لیے ایکسپورٹ فنانس سبسڈی اسکیم سے متعلق سمری پیش کی جائے گی، اس اسکیم کا مقصد برآمد کنندگان کو سہولت فراہم کرنا اور ملکی برآمدات کو بڑھانا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں عالمی ثالثی سے متعلق اخراجات کی مد میں پاور ڈویژن کی سمری بھی زیر غور آئے گی، جبکہ جنکوز کے بند پاور پلانٹس کے پنشنرز کی ایڈجسٹمنٹ سے متعلق معاملے پر بھی غور کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:335 روپے کا پیٹرول حقیقت میں کتنے کا ہے؟ اصل لاگت نے سب کو حیران کر دیا!
ای سی سی اجلاس کے ایجنڈے میں چترال میں ایل پی جی مکس پلانٹ کے قیام سے متعلق سمری بھی شامل ہے، اس کے علاوہ وزارت اوورسیز پاکستانیز کے مالی سال 2025-26 کے بجٹ تجاویز کی منظوری پر بھی غور متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مختلف شعبوں سے متعلق مالی اور انتظامی امور کے فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔






