
( 24 نیوز ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس کے خاتمے کیلئے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
ہیپاٹائٹس کے عالمی دن پر قوم کے نام پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سب مل کر ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، شہریوں کو ہیپاٹائٹس کی سکریننگ اور مفت علاج کی سہولت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ موبائل ہسپتالوں میں سکریننگ پروگرام سے عوام کو گھر کی دہلیز پر سہولت مل رہی ہے، ہیپاٹائٹس کے مریضوں کا مفت تشخیص اور علاج بغیر کسی مالی بوجھ کے کیا جا رہا ہے، غیر معیاری سرنجز کی تیاری اور دوبارہ استعمال پر سخت پابندی عائد ہے۔
یہ بھی پڑھیں:صدر مملکت اور وزیراعظم کا 2030 تک ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ
مریم نواز نے کہا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں کی ڈیپ کلینگ کر کے حفظان صحت کے اصولوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ہیپاٹائیٹس کی بروقت سکریننگ کروا کر جان بچائیں، ڈاکٹرز، نرسز عوام اور حکومت مشترکہ کاوشوں سے ہیپاٹائٹس کا خاتمہ کریں گے، آئیے سب مل کر صحت مند پاکستان کی تعمیر کا عہد کریں۔






