
(ویب ڈیسک)خیبر پختونخوا حکومت نے 2026 کے لیے گندم کوٹہ جاری کرنے کی منظوری اور کلو آٹے کی سرکاری قیمت مقرر کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے 2026 کے لیے گندم کوٹہ جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت محکمہ خوراک کی جانب سے صوبے کی فلور ملوں کو روزانہ 2 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کی جائے گی۔
فوڈ ڈائریکٹوریٹ نے صوبے کے تمام اضلاع کے لیے گندم کا یومیہ کوٹہ جاری کر دیا ہے۔ فلور ملوں کو گندم 11 ہزار 200 روپے فی 100 کلو کے حساب سے فراہم کی جائے گی۔
سرکاری گندم کے اجرا کے بعد 20 کلو آٹے کی ایکس مل قیمت 2500 روپے مقرر کی گئی ہے جب کہ اس کی ریٹیل قیمت 2520 روپے ہو گی۔
محکمہ خوراک کی جانب سے اس حوالے سے جاری مراسلے میں تمام آپریشنل فلور ملوں کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب لازمی قرار دیتے ہوئے فلور ملوں میں کم از کم 30 روز کی ویڈیو ریکارڈنگ محفوظ رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ گندم کی فراہمی 2026 کے منظور شدہ ایس او پیز کے مطابق کی جائے گی جب کہ سرکاری آٹے میں نمی کی شرح 13.5 فیصد سے زیادہ ہونے پر کارروائی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:جاپان میں7.1شدت کا زلزلہ،سونامی کی وارننگ جاری
پشاور ضلع کو روزانہ سب سے زیادہ 218 میٹرک ٹن گندم کا کوٹہ مختص کیا گیا، اس کے علاوہ مردان کو 125، صوابی کو 87 اور چارسدہ کو 84 میٹرک ٹن یومیہ گندم ملے گی۔
نوشہرہ کے لیے 80 جبکہ دیر لوئر کے لیے 76 میٹرک ٹن یومیہ گندم مختص ہے۔ سوات کو 74، باجوڑ اور چترال اپر کو 59 میٹرک ٹن گندم کا کوٹہ جاری ہوا ہے۔
محکمہ خوراک کے مطابق ضلعی آبادی کے تناسب سے گندم کا یومیہ کوٹہ مقرر کیا گیا ہے،فوڈ ڈائریکٹوریٹ نے تمام ڈویژنل و ضلعی افسران کو احکامات جاری کر دیے ہیں اور گندم کی ترسیل تمام آپریشنل فلور ملوں کو مرحلہ وار یقینی بنائی جائے گی۔






