
(24 نیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے سرسبز اور سموگ فری پنجاب وژن کے تحت جدید دنیا کی طرز پر ’’گرین ریلوے کوریڈور‘‘ کے انقلابی منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
چار مراحل پر مشتمل منصوبے کے ذریعے ریلوے کی ویران اور کوڑا کرکٹ کا شکار زمینوں پر 32 پارکس تعمیر کیے جائیں گے ، منصوبے کے پہلے مرحلے میں شاہدرہ سے رائیونڈ تک 20 ایکڑ رقبے کو خوبصورت سبزہ زاروں، باغات اور سیر گاہوں میں تبدیل کر دیا گیا۔
ریلوے ٹریک کے ساتھ ملحقہ زمین پر 21 پارکس بھی بنا دئیے گئے جو شہریوں کو تفریح فراہم کر رہے ہیں اور ماحول کی بہتری میں بھی حصہ ڈال رہے ہیں ، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا یہ اقدام ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر ریلوے ٹریکس کے ساتھ پارکس بنانا ہے۔
یہ اقدام پنجاب کو سرسبز، خوبصورت بنانے، بچوں، خواتین اور عام شہریوں کو پارکس اور تفریح فراہم کرنے کے مرحلہ وار منصوبے کی کڑی ہے ، 45 کلومیٹر طویل پنجاب گرین ریلوے کوریڈور منصوبے کی مجموعی لاگت 1 ارب 77 کروڑ روپے سے زائد ہے ، چار پیکیجز میں تقسیم منصوبے پر پنجاب ہارٹی کلچر اتھارٹی اور پاکستان ریلوے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے منصوبے کے دیگر مراحل کی تکمیل میں حائل رکاوٹیں جلد دور کرنے اور عمل درآمد کی رفتار بڑھانے کی ہدایت کر دی۔
شہریوں نے منصوبے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو کھیلنے کی جگہ میسر آ گئی ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہیں،کوڑے دانوں اور کچرے کے ڈھیر کو خوبصورت پارکس میں بدلنا قابل تحسین ہے،یقین نہیں آ رہا کہ پاکستان میں بھی ایسا ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :چیئرمین قائمہ کمیٹی مواصلات برہم، موٹروے پولیس کو نکاح نامے چیک نہ کرنے کی ہدایت






