1

محسن نقوی سسٹم میں تبدیلی کا آغاز نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے کریں:خواجہ آصف

   
 

 
 
 فوٹو: فائل
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ سسٹم کو مضبوط کرنا ہے اوربنیادی تبدیلی لانی ہے تو اس کا فورم پارلیمنٹ ہے جس کے محسن نقوی رکن ہیں۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ انہوں نے محسن نقوی کی جانب سے سسٹم کی کسمپرسی پر اظہارِ خیال کو سنا ہے اور ذاتی طور پر وہ ان خیالات سے کم و بیش اتفاق کرتے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی خود ایک پاور ہاؤس ہیں تاہم اگر سسٹم کو مضبوط کرنا اور بنیادی تبدیلی لانی ہے تو اس کا اصل فورم پارلیمنٹ ہے جس کے نقوی صاحب خود بھی رکن ہیں۔

خواجہ آصف کے مطابق اس معاملے کو کابینہ میں بھی زیرِ بحث لایا جا سکتا ہے، جس سے یہ ادارے اور نظام مضبوط ہوں گے اور تبدیلی آئینی عمل سے گزرے گی۔

انہوں نے کہا کہ سسٹم کا ارتقائی عمل دہائیوں سے گروہی اور ذاتی مفادات کے تابع رہا ہے جسے آزاد کرنے کی ضرورت ہے۔ 

خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ محسن نقوی پارلیمنٹ اور کابینہ کے اجلاس میں کبھی کبھار ہی شرکت کرتے ہیں، ان اداروں کو غیر متعلق بنا کر تاجر برادری کو بلا کر اتنی بڑی بات کرنا ان کے نزدیک مطلوبہ اثر نہیں رکھتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ محسن نقوی گزشتہ ساڑھے تین سال سے نظام کے انتہائی طاقتور عہدوں پر فائز ہیں اگر وہ چاہتے تو اس عرصے میں سسٹم میں تبدیلی کے حوالے سے پیشرفت کر سکتے تھے تاہم دیر آید درست آید۔

 
 
خواجہ آصف نے نیشنل ایکشن پلان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس کے 13 نکات کا ذکر کیا، جن میں سے ایک پوائنٹ پر عملدرآمد افواج کی جانب سے جانوں کی قربانیوں کے ذریعے ہو رہا ہے، جبکہ باقی 12 نکات وزارت داخلہ کی ذمہ داری ہیں جن پر عمل نہیں ہوا۔

انہوں نے زور دیا کہ محسن نقوی سسٹم میں تبدیلی کا آغاز نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے کریں اور اپنی وزارت سے اصلاحات شروع کریں، صرف تاجر برادری ہی نہیں بلکہ پوری قوم سسٹم میں مثبت تبدیلی کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں