
(24 ںیوز)آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے 9 میں سے 8 حلقوں پر پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹہ توسیع جبکہ ایک حلقے میں پولنگ ملتوی کر دی گئی ہے۔ مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
الیکشن کمیشن نے مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ کے لیے صبح 8 سے شام 5 بجے تک کا وقت مقرر کیا تھا۔ پانچ بجتے ہی ملک بھر میں مہاجرین کی نشستوں پر پولنگ کا وقت ختم ہوچکا ہے تاہم الیکشن قوانین کے تحت پولنگ اسٹیشن کے اندر موجود ووٹرز کو ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔
مظفر آباد ڈویژن کی 8 نشستوں پر پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹہ توسیع کر دی گئی ہے، جس کے بعد ووٹرز شام 6 بجےتک ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔
آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں آج 21 نشستوں پر پولنگ شیڈول تھی، جس میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 جب کہ مہاجرین کی 12 نشستیں شامل تھیں تاہم الیکشن کمیشن نے حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد میں پولنگ ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ ایل اے 27 میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے متعدد سڑکیں بند تھیں جس کے نتیجے میں انتخابی عملہ اور انتخابی سامان بروقت نہ پہنچ سکا، اس حلقے میں پولنگ اب 4 اگست کو ہوگی۔
آزاد کشمیر اسمبلی کے انتخابات تین مراحل میں ہو رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 27 جولائی کو میرپور ڈویژن میں انتخابات ہوئے تھے، دوسرا آج منعقد ہوا تھا جب کہ تیسرا مرحلے میں 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں الیکشن شیڈول ہیں۔
اتوار کے روز الیکشن کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 8 نشستوں اور 12 مہاجرین کی نشستوں پر مجموعی طور پر 300 سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔ مہاجر نشستوں میں 7 پنجاب جب کہ باقی نشستیں خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں تقسیم ہیں۔
الیکشن کمیشن حکام کے مطابق مظفرآباد ڈویژن میں مجموعی طور پر 8لاکھ 95 ہزار 66 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، جن میں 4 لاکھ 27 ہزار 400 مرد جب کہ 3لاکھ 82 ہزار 167 خواتین ووٹرز شامل ہیں، کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر مجموعی ووٹرز کی تعداد 4لاکھ 38 ہزار 834 ہے، جن میں 2 لاکھ 47 ہزار 776 مرد اور ایک لاکھ 91 ہزار 54 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن میں 1 ہزار 483 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں 533 کو انتہائی حساس، 741 کو حساس اور 209 کو عام قرار دیے گیا تھا جب کہ 12 مہاجر نشستوں کے لیے ملک بھر میں 1 ہزار 57 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے۔
دوسرے مرحلے میں اتوار کے روز جن نشستوں پر پولنگ کا وقت ختم ہوچکا ہے، ان پولنگ اسٹیشنز میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے، انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے مختلف حلقوں میں مسلم لیگ ن پر انتخابی بے ضابطگیوں، تشدد اور دھاندلی کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) دوسرے مرحلے کے انتخابات میں بھی عوام کا مینڈیٹ چھیننے کی کوشش کر رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کے صدر اور حلقہ ایل اے 31 کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر پر حملہ کیا گیا، جب کہ اسی حلقے میں پارٹی کارکن مشتاق شاہ جاں بحق ہوئے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ن پر دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ زور زبردستی سے آزاد کشمیر کے عوام کے ووٹ پر ڈاکا ماررہی ہے، پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے ایک خط میں پارٹی امیدوار چوہدری لطیف اکبر پر حملے کے واقعے کی تحقیقات اور سیکیورٹی انتظامات میں مبینہ غفلت کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :لال گلیشیئر کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ!روڈ ہر قسم کی آمدورفت کیلئےعارضی طور پر بند






