کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات کے قریب دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے قومی شاہراہ پر عوام کی آمدورفت متاثر کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی مذموم کوشش بھی بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنائی گئی۔
وزیراعلیٰ کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے چھ ٹرک، تین بسیں اور دو گاڑیاں برآمد کی گئیں، جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی قبضے میں لیا گیا۔
میر سرفراز بگٹی نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بروقت ردعمل کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال اور قومی شاہراہوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاستی ادارے پرعزم ہیں۔






