1

پائلٹ نے آسمان میں آخر کیا دیکھ لیا؟

(24 نیوز)برطانیہ کے شہر لندن کے گیٹ وِک ایئرپورٹ کے قریب ایک مسافر طیارے کے پائلٹ نے پرواز کے دوران ایک پراسرار گول نما شے دیکھنے کا دعویٰ کیا ہے، جس کے بعد اس واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کی گئیں، تاہم حکام اس شے کی اصل شناخت معلوم نہیں کر سکے۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک ایئربس اے 319 مسافر طیارہ گیٹ وِک ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی تیاری کر رہا تھا، طیارہ بلندی کم کرتے ہوئے بائیں جانب مڑ رہا تھا کہ اسی دوران پائلٹ نے اپنے دائیں بازو کے قریب ایک گول اور چپٹی شکل کی شے دیکھی، جو بظاہر ”اڑن طشتری“ یا کسی غیر معمولی ڈرون سے مشابہ تھی، پائلٹ کے مطابق یہ شے مخالف سمت میں تقریباً اسی بلندی پر پرواز کر رہی تھی اور طیارے سے تقریباً 100 فٹ کے فاصلے پر تھی۔

 اس واقعے کی تحقیقات برطانیہ کے یو کے ایئر پراکس بورڈ نے کیں، جو فضائی سفر کے دوران پیش آنے والے ایسے واقعات کا جائزہ لیتا ہے جن میں دو فضائی اشیا خطرناک حد تک ایک دوسرے کے قریب آ جائیں، بورڈ کی جون میں جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق پائلٹ نے بتایا کہ جب طیارہ نیچے اترتے ہوئے بائیں جانب مڑ رہا تھا تو اس نے ایک گول یا اڑن طشتری نما مشتبہ ڈرون کو اپنے طیارے کے دائیں بازو کے قریب انتہائی کم فاصلے سے گزرتے دیکھا۔

مزید پڑھیں:بجلی غائب، زندگی مفلوج؛ کیوبا ایک بار پھر بڑے بلیک آؤٹ کی لپیٹ میں آگیا

رپورٹ کے مطابق یہ شے سسیکس کے دیہی علاقے میں ہینگ کراس نامی گاؤں کے قریب دیکھی گئی، جو گیٹ وِک ایئرپورٹ سے تقریباً سات میل جنوب میں واقع ہے،پائلٹ نے بتایا کہ اس شے کی شکل واضح طور پر ایک گول ڈسک جیسی تھی اور اس کے کناروں پر گہرے رنگ کے نشانات دکھائی دے رہے تھے۔ اگرچہ عملے کو شبہ تھا کہ یہ کوئی جدید یا غیر معمولی ڈرون ہو سکتا ہے، لیکن وہ اس کی اصل نوعیت یا مقام کے بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہہ سکے۔

 رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ یہ شے طیارے کے انتہائی قریب سے گزری، لیکن پائلٹ کو ہنگامی طور پر طیارے کا رخ تبدیل کرنے یا بچاؤ کی کوئی اضافی کارروائی کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی، کیونکہ طیارہ پہلے ہی اپنے معمول کے مطابق مڑنے کے عمل میں تھا،تحقیقات کے دوران علاقے میں موجود کسی دوسرے پائلٹ نے ایسی کسی شے کو دیکھنے کی اطلاع نہیں دی، تاہم فضائی ٹریفک کنٹرول نے احتیاط کے طور پر دیگر طیاروں کو خبردار کر دیا تھا۔

تحقیقات مکمل ہونے کے بعد یو کے ایئر پراکس بورڈ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ دستیاب معلومات، شے کی بلندی اور اس کی بیان کردہ خصوصیات کی بنیاد پر یہ طے کرنا ممکن نہیں ہو سکا کہ پائلٹ نے دراصل کیا دیکھا تھا۔ بورڈ نے یہ بھی کہا کہ اگرچہ اس واقعے سے پرواز کی حفاظت کسی حد تک متاثر ہوئی، تاہم تصادم کا کوئی حقیقی خطرہ موجود نہیں تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں