
(ویب ڈیسک )بھارت ایشین گیمز ویمنز کرکٹ کے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا۔
ایشین گیمز ویمنز کرکٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 114 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے، شیفالی ورما نے شاندار سنچری اسکور کی اور 49 گیندوں پر 100 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں جبکہ اسمرتی مندھانا نے 37 اور بھارتی کپتان ہرمن پریت کور نے 40 رنز بنائے۔
یہ بھی پڑھیں:بلائنڈ ٹی ٹونٹی ایشیا کپ 2026 کے شیڈول کا اعلان
195 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 15.4 اوورز میں 81 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
بھارتی بولرز میں نندنی شرما اور دیپتی شرما نے تین تین جبکہ شری چارانی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اب فائنل میں بھارت کا مقابلہ سری لنکا سے ہو گا۔
اس سے قبل ایشین گیمز ویمنز کرکٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان اور سری لنکا کا مقابلہ ہوا، جہاں سری لنکا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے عائشہ ظفر نے 40 گیندوں پر 71 رنز جبکہ شوال ذوالفقار نے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔
جواب میں سری لنکا نے 17.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنا کر ہدف حاصل کرلیا۔ سری لنکن کپتان چماری اتھاپتھو نے 50 گیندوں پر 83 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جبکہ ہاسینی پریرا نے 42 رنز بنائے۔ سری لنکا نے 13 گیندیں قبل ہی کامیابی حاصل کرلی۔
یوں ایشین گیمز ویمنز کرکٹ کا فائنل بھارت اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ پاکستان اور بنگلہ دیش فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔






