5

امتحانی شیٹس گم ہونے،اکیڈمیوں سے گٹھ جوڑ اور نشستوں میں ردوبدل کے الزامات بے بنیاد ہیں، ایف پی ایس سی

(بابر شہزاد تُرک) فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے سی ایس ایس 2026 کی امتحانی شیٹس سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی پوسٹ کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اس میں عائد  کئے گئے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔

ایف پی ایس سی کے اعلامیہ  کے مطابق سی ایس ایس 2026 کی امتحانی شیٹس گم ہونے کا الزام حقائق کے منافی ہے۔ سیکریسی ونگ اور ایگزام سیل میں بے ضابطگی، اکیڈمیوں سے گٹھ جوڑ اور نشستوں میں ردوبدل کے الزامات بھی بے بنیاد ہیں۔

ایف پی ایس سی نے کہا کہ امتحانی شیٹس کی وصولی اور حفاظت کے لیے مکمل چین آف کسٹڈی نظام نافذ ہے اور ہر مرحلے پر شیٹس کا ریکارڈ محفوظ کیا جاتا ہے۔  شیٹس کی تعداد اور ان کی تصدیق باقاعدگی سے کی جاتی ہے۔ امتحانی شیٹس گم ہونے، کسی شکایت یا بے ضابطگی کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں۔ 

فیڈرل پبلک سروس  کمیشن کے مطابق امتحانی عمل میں کسی اکیڈمی یا تیسرے فریق کی مداخلت کا کوئی امکان نہیں۔

ایف پی ایس سی نے بتایا کہ  رول نمبر پلان اور نشستوں کی تقسیم خودکار طریقے سے ہوتی ہے، جبکہ امتحانی مراکز کی تشکیل بھی شفاف طریقہ کار کے تحت کی جاتی ہے۔ نشستوں کی تقسیم میں کسی فرد کی براہ راست مداخلت نہیں ہوتی۔

 ایف پی ایس سی نے کہا کہ امتحانی مراحل میں میرٹ اور شفافیت یقینی بنائی جاتی ہے اور کسی مصدقہ شکایت کی صورت میں فوری اور شفاف کارروائی کی جاتی ہے۔ 

 کمیشن نے عوام سے اپیل کی  کہ غیر مصدقہ معلومات پر اعتماد نہ کریں اور امتحانات سے متعلق معلومات صرف سرکاری ذرائع سے حاصل کریں۔ ایف پی ایس سی نے غلط معلومات پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی  کرنے کا بھی عندیہ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:  سائیبر اٹیک کا خطرہ، فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے آن لائن درخواستیں بند کر دیں 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں