
(سجاد اظہر پیرزادہ) آج جب ہم پاکستانی جشن آزادی منارہے ہیں، تو ایسے وقت میں ہماری خوشی کتنی دوگنی نہیں ہوجائیگی جب ہم یہ سنیں کہ بھارتی بھی پاکستان کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کررہے ہیں، دہلی سے تعلق رکھنے والی ایک ہندو خاتون نے اپنے والد کا پاکستان کے لیے لکھا محبت بھرا نغمہ بے باکی سے سنایا ہے، جس کی ویڈیو 24 نیوز کے ایکس اکائونٹ پر دیکھی جاسکتی ہے۔
مکتا لال قیام پاکستان سے قبل میانوالی میں پیدا ہوئی تھیں، وقت نے انہیں خاندان سمیت ہجرت پر مجبور کردیا، اور وہ اپنے دادا اردو کے نامور شاعر تلوک چند محروم کے ہمراہ راولپنڈی سے دہلی چلی گئیں، لیکن ان کے دل میں آج بھی پاکستان دھڑکن بن کر دھڑکتا ہے، ان کی جانب سے پاکستان کے لیے محبت کا اظہار ایسے وقت میں سامنے آیا جب دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی اور باہمی اختلافات عروج پر ہیں۔
Indian Hindu Wrote a Patriotic Song Expressing Love for Pakistan | Her daughter’s courage is winning hearts | She read out the patriotic song during a video-call interview with a Pakistani journalist in Lahore while she was in Delhi | The heartfelt moment is going viral on social… pic.twitter.com/dOTfCrupc5
— 24 News HD (@24NewsHD) August 13, 2026
مکتا لال کے اس حوصلے نے ایک بار پھر یہ سوال اٹھایا ہے کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، تاہم عوامی سطح پر موجود ثقافتی اور انسانی جذبات کیا دونوں ممالک کے درمیان فاصلے کم کرنے میں کردار ادا کر سکتے ہیں؟
اس واقعے کا سب سے خوبصورت پہلو شاید یہی ہے کہ ایک باپ نے اپنے جذبات کو الفاظ دیے اور ایک بیٹی نے ان الفاظ کو آواز دے دی، دہلی سے اٹھنے والی یہ آواز اگر پاکستان کے لوگوں کے دل تک پہنچی ہے تو اس کی وجہ شاید یہ ہے کہ انسان ہمیشہ محبت کی زبان سمجھتا ہے۔
ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ ایک نغمہ دونوں ملکوں کے درمیان موجود تمام سیاسی مسائل حل نہیں کر سکتا، نہ ہی ایک گیت تاریخ کے اختلافات ختم کر سکتا ہے، لیکن یہ ضرور ہو سکتا ہے کہ وہ ایک لمحے کے لیے انسان کو نفرت کی سیاست سے نکال کر انسانیت کی طرف لے آئے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستانی پاپ موسیقی کی ملکہ نازیہ حسن کو بچھڑے26 برس بیت گئے
شاید یہی موسیقی کی اصل طاقت ہے، جب سیاست نفرت کے بیانیے بناتی ہے تو فن کبھی کبھی خاموشی سے ان بیانیوں کے درمیان ایک پل بنا دیتا ہے، باہمی احترام اور امن کا پل، اور شاید اسی لیے دہلی سے سنایا گیا یہ نغمہ صرف ایک نغمہ نہیں، بلکہ ایک سوال بھی ہے: اگر بھارتی شہریوں کے دل سے اپنے ہمسائے پاکستان کیلئے محبت کی آواز نکل سکتی ہے، تو کیا بھارتی سرکار کو اس سے کچھ سیکھنے کا حوصلہ نہیں ہونا چاہیے؟






