19

وفاقی حکومت کی جانب سےسرکاری افسران کےتقررو تبادلوں کےاحکامات جاری

(بابر شہزاد تُرک)وفاقی حکومت نے سرکاری افسران کے تقرر و تبادلوں کے متعدد احکامات جاری کرتے ہوئے مختلف وزارتوں، ڈویژنز اور اداروں میں انتظامی رد و بدل کر دیا ہے۔ 

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری الگ الگ نوٹیفکیشنز کے مطابق گریڈ 21 کے او ایس ڈی اور ایس آئی ایف سی ڈویژن میں فرائض انجام دینے والے ساجد محمود قاضی کو چیف ایگزیکٹو آفیسر، فیڈرل اسپیشل اکنامک زونز اتھارٹی کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے جبکہ سیکریٹریٹ گروپ کے گریڈ 20 کے افسر مظہر یاسین خان کو کمشنر برائے افغان مہاجرین پنجاب، لاہور کے عہدے سے تبدیل کر کے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں او ایس ڈی تعینات کیا گیا ہے۔

ان کی 20 جولائی 2026 سے 19 جولائی 2027 تک بیرون ملک قیام کے لیے 365 روز کی رخصت بھی منظور کی گئی ہے،علاوہ ازیں، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 19 کے ڈپٹی سیکریٹری مذہبی امور ڈویژن کاشف حسین کو تبدیل کر کے ان کی خدمات حکومت پنجاب کے سپرد کی گئی ہیں۔

مزید برآں، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں تقرری کی منتظر، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کی گریڈ 18 کی نوشین سرور کی خدمات بھی حکومت پنجاب کے سپرد کی گئی ہیں، دریں اثناء، پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 18 کے او ایس ڈی دانیال احمد جاوید کی خدمات بھی حکومت پنجاب کے سپرد کی گئی ہیں جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکر، انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) ڈویژن بینا زیدی کی خدمات فنانشل مانیٹرنگ یونٹ، کراچی کے سپرد کی گئی ہیں۔

دوسری جانب، پنجاب ریونیو اتھارٹی میں کمشنر (ٹیکس پیئرز آڈٹ) ناہید احمد کا تبادلہ کرتے ہوئے ان کی خدمات ان کے پیرنٹ ڈیپارٹمنٹ ایف بی آر ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد کو واپس کر دی گئی ہیں جبکہ ڈپٹی جنرل منیجر پاسکو عامر خان کی خدمات بھی واپس آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے دفتر کے سپرد کر دی گئی ہیں۔

مزید برآں ناصر عباس کو تین سالہ ڈیپوٹیشن پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر، پاکستان بیت المال تعینات کر دیا گیا ہے،وہ اس سے قبل حکومت گلگت بلتستان کے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں خدمات انجام دے رہے تھے، دریں اثنا وفاقی حکومت نے پنجاب محکمہ مواصلات کے ریٹائرڈ سپرنٹنڈنگ انجینئر عصمت شریف ڈھلوں کو کنٹریکٹ کی بنیاد پر ممبر (بلڈنگز)، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) مقرر کر دیا ہے۔ ان کی تقرری فوری طور پر نافذالعمل ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں :  نیشنل میڈیا ورکشاپ کے 85 رکنی وفد کا وزارتِ خارجہ کا دورہ،خارجہ پالیسی اور سفارتی ترجیحات پربریفنگ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں