
(24نیوز) وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانیز عون چودھری نے مولانا فضل الرحمان سے شہداء کے لواحقین اور پوری قوم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا۔
عون چودھری نے مولانا فضل الرحمان کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا صاحب! کیا آپ نے شہادت جیسے عظیم رتبے کو تنخواہ سے جوڑ دیا ہے؟ قوم آپ کو دگنی تنخواہ دیتی ہے، آپ یا آپ کے بچے ملک کیلئے شہید ہو کر دکھائیں۔ وزیر مملکت کاکہنا تھا کہ شہادت تنخواہ سے نہیں، حب الوطنی، ایمان اور جذبۂ قربانی سے ملتی ہے۔ پاک فوج کے جوان وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں، پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔
عون چودھری کا کہناتھا کہ مولانا فضل الرحمان کا بیان شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کی توہین ہے،مولانا صاحب! اپنے ضمیر سے پوچھیں کہ آپ ایسے الفاظ کیسے ادا کر گئے۔آپ آج ایسے شخص کے ساتھ کھڑے ہیں جس نے برسوں آپ کو گالیاں دیں، آپ شدید کنفیوژن کا شکار ہیں۔
وزیر مملکت کاکہناتھا کہ پاک فوج اور اس کے شہداء کی قربانیوں کی بدولت پاکستان کو پوری دنیا میں عزت ملی۔ ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے، انہی کی قربانیوں کی وجہ سے آج پوری قوم امن و سکون کی زندگی گزار رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی






