
(عثمان خان)پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیاگیا۔
اعلامیے کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے دوران کرانے کی تجویزدی گئی ،الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی تجویز سے اصولی اتفاق کرلیا۔
چیف سیکرٹری پنجاب کاکہناہے کہ پنجاب حکومت مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرانا چاہتی ہے،پنجاب حکومت سیکیورٹی اور بہتر انتظامات کیلئے مرحلہ وار انتخابات چاہتی ہے۔
الیکشن کمشن کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندی کا عمل مکمل ہوچکا ہے، بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کیلئے صوبائی حکومت سے مشاورت ضروری ہے۔
صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ کے مطابق پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کا پراسیس شروع کرنا چاہتی ہے،15 دسمبر سے 15 جنوری کے دوران انتخابات زیادہ مناسب ہوں گے، اس عرصے میں بچوں کے امتحانات مکمل ہوچکے ہوں گے،دسمبر اور جنوری میں دھند کا مسئلہ بھی نہیں ہوگا، بلدیاتی انتخابات کےلئے وسائل کی فراہمی بھی کرنی ہے وقت درکار ہے،دسمبر جنوری میں اساتذہ دستیاب ہونگے۔
صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب بلدیاتی انتخابات کرانےکےلئے پرعزم ہیں،وزیر اعلیٰ نے کمیٹی کو مشاورت کےلئے مکمل اختیار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب کی تمام سرکاری سروسز ’’مریم کی دستک‘‘ پر منتقل کرنے کا فیصلہ
اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت سے الیکشنز کرانے پلان مانگ لیا،مرحلہ وار انتخابات کا پلان جلد الیکشن کمیشن کو پیش کیا جائے، بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا ہے،آئین کے آرٹیکل 140 اے کے تحت بلدیاتی انتخابات کرانا ضروری ہے،الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے پنجاب حکومت سے مشاورت جاری رکھے گا،چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب حکومت کی تجاویز کو سراہاہے۔






