
(بابر شہزاد تُرک)بانی پی ٹی آئی کا پمز میں طبی معائنہ، میڈیکل فٹنس رپورٹ مرتب کر لی گئی.
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نیازی کو 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب طبی معائنے اور علاج کے لیے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسلام آباد لایا گیا، پمز انتظامیہ کے مطابق عمران خان کے طبی معائنے کے دوران شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے دو ماہر ڈاکٹروں نے آنکھوں کے معائنے میں حصہ لیا، جبکہ دیگر طبی معائنے پمز کے متعلقہ ماہرین نے کیے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آنکھوں کے معائنے سے حاصل ہونے والی طبی رائے کو پمز میں کیے گئے دیگر طبی تحقیقات کے نتائج کے ساتھ مجموعی جائزے میں شامل کیا گیا، پمز کے ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے تمام طبی نتائج یکجا کرنے کے بعد عمران خان کی میڈیکل فٹنس رپورٹ مرتب کی.
پمز انتظامیہ کے مطابق مریض کی رازداری اور سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایات کا مکمل احترام کیا جائے گا جبکہ طبی رپورٹ کے خفیہ مندرجات ظاہر نہیں کیے جائیں گے۔






