پسنی: پاکستان کوسٹ گارڈز نے پسنی کی سمندری حدود میں غیر قانونی ٹرالنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ٹرالرز کو پکڑ لیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز نے 28 اگست کی شب سمندری نگرانی کے دوران پراگ کے ساحل سے تقریباً 10 ناٹیکل میل دور مشکوک سرگرمیوں میں مصروف دو ٹرالرز کو روک کر کارروائی کی۔ دونوں ٹرالرز کو مبینہ طور پر غیر قانونی ٹرالنگ میں ملوث پایا گیا۔
پاکستان کوسٹ گارڈز کی جانب سے سمندری حدود میں مسلسل گشت اور نگرانی کے باعث غیر قانونی شکار کے خلاف کارروائیوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
ماہی گیر برادری کے مطابق غیر قانونی ٹرالنگ سے نہ صرف سمندری حیات اور مچھلی کے ذخائر کو شدید نقصان پہنچتا ہے بلکہ مقامی ماہی گیروں کے روزگار پر بھی براہِ راست اثر پڑتا ہے۔ ماہی گیروں نے دو ٹرالرز کے خلاف کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کوسٹ گارڈز کی بروقت کارروائی کو سراہا ہے۔
مقامی ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ سمندری حدود میں مؤثر نگرانی اور غیر قانونی ٹرالنگ کے خلاف سخت کارروائی سے مقامی ماہی گیر برادری میں تحفظ کا احساس پیدا ہوا ہے۔
ماہی گیر برادری نے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی ٹرالنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ سمندری وسائل، مچھلی کے ذخائر اور مقامی ماہی گیروں کے روزگار کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
پاکستان کوسٹ گارڈز — ساحل کے محافظ، ماہی گیروں کے محافظ۔






