گوادر چائنا پاکستان گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول فقیر کالونی گوادر میں طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں، سائنسی سوچ اور اختراعی استعداد کو اجاگر کرنے کے لیے سائنس و آرٹ نمائش 2026 کا انعقاد کیا گیا۔ نمائش کا افتتاح ضلعی آفیسر تعلیم زاہد حسین بلوچ اور سیاسی و سماجی شخصیت میر ارشد کلمتی نے کیا تقریب میں محکمہ تعلیم کے افسران، چائنا پاکستان گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کی ہیڈمسٹریس پروین نواز، ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر وہاب مجید، محمد حسن، ہیڈ ماسٹر طارق محمود و نادل علی اور اسکول کوآرڈینیٹر نسیم شیر محمد، یونیسیف کے ضلعی ایجوکیشن سپورٹ منیجر عادل نودیزئی سمیت مختلف اسکولوں کے اساتذہ، و طالبات نے شرکت کی۔
نمائش میں طالبات نے مختلف سائنسی ماڈلز، تحقیقی منصوبوں، جدید و تخلیقی آئیڈیاز، سائنسی تجربات اور فن پاروں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ طالبات نے اپنے تیار کردہ سائنس اور آرٹ پراجیکٹس کے بارے میں شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی اور ان کے عملی پہلو، طریقۂ کار اور افادیت سے آگاہ کیا، جسے شرکاء نے بے حد سراہا اس موقع شرکاء
نے کہا کہ سائنس و آرٹ نمائش جیسی تعلیمی و تخلیقی سرگرمیاں طالبات میں تحقیق، تخلیق، جدت اور سائنسی طرزِ فکر کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ انہیں مستقبل کے چیلنجز کا مؤثر انداز میں سامنا کرنے کے لیے تیار کرتی ہیں۔ ایسی سرگرمیاں طلبہ کو روایتی تعلیم سے آگے بڑھ کر اپنے خیالات کو عملی شکل دینے اور نئے امکانات دریافت کرنے کا موقع فراہم کرتی جبکہ اسکول ہیڈ مسٹریس پروین نواز اور کوآرڈینیٹر چائنہ پاکستان گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول فقیر کالونی نیسم شیر محمد نے کہا کہ نمائش کا مقصد نوجوان ذہنوں میں سیکھنے، دریافت کرنے، تجربہ کرنے اور نئے آئیڈیاز کو عملی جامہ پہنانے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، جبکہ پاک چین دوستی کے جذبے کے تحت تعلیم، جدت اور تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ کو بھی تقویت دینا ہے
نمائش میں پیش کیے گئے منفرد سائنسی منصوبوں، ماڈلز اور فن پاروں نے حاضرین کی خصوصی توجہ حاصل کی۔ شرکاء نے طالبات کی محنت، تخلیقی صلاحیتوں اور اساتذہ کی رہنمائی کو سراہتے ہوئے اسے تعلیمی میدان میں ایک مثبت اور حوصلہ افزا قرار دیا
11






