11

سبی ریلوے پولیس کی کارروائی، خاتون کے بیگ سے 8 کلو آئس برآمد

سبی ریلوے پولیس کی کارروائی، خاتون کے بیگ سے 8 کلو آئس برآمد

سبی ریلوے پولیس سبی نے منشیات اسمگلنگ کی مبینہ کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک خاتون کے بیگ سے 8 کلو آئس (کرسٹل میتھ) برآمد کرکے اسے گرفتار کرلیا، جبکہ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق ایس پی ریلوے پولیس جاوید خان کے احکامات اور ڈی ایس پی انعام گل کی ہدایات پر ایس ایچ او ریلوے پولیس سبی عبدالمجید نے پولیس ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر ریلوے اسٹیشن پر کارروائی کی۔ دورانِ چیکنگ ایک مشکوک خاتون کے بیگ کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے مبینہ طور پر 8 کلو آئس برآمد ہوئی۔
ریلوے پولیس نے منشیات قبضے میں لے کر خاتون کو گرفتار کرلیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ کارروائی میں ہیڈ کانسٹیبل عابد حسین، کانسٹیبل محمد زبیر سمیت دیگر اہلکاروں نے حصہ لیا۔
*ایس ایچ او عبدالمجید کے مطابق گرفتار خاتون کا تعلق خانیوال سے بتایا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران مبینہ طور پر معلوم ہوا ہے کہ خاتون کوئٹہ سے وین کے ذریعے سبی پہنچی تھی اور ٹرین کے ذریعے منشیات دوسرے صوبے منتقل کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور منشیات کی ترسیل میں ملوث دیگر عناصر تک پہنچنے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
ایس ایچ او ریلوے پولیس عبدالمجید نے کہا کہ ریلوے اسٹیشنز پر منشیات سمیت دیگر غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ مسافروں کے تحفظ کے لیے چیکنگ کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
شہریوں نے ریلوے پولیس کی کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات کی روک تھام اور نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں