شیشہ ڈغار وارڈ کے سابق کونسلر محمد اکبر جتک، علی احمد شاہوانی اور میر منظور شاہوانی کی زیرِ نگرانی شیشہ ڈغار کلی بنگلزئی کی مختلف گلیوں سمیت مسجد شریف کے اطراف میں اسٹریٹ لائٹس نصب کردی گئی ہیں۔
اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب سے علاقے کی گلیاں رات کے وقت روشن ہوگئی ہیں، جس سے بزرگ شہریوں، نمازیوں اور دیگر علاقہ مکینوں کو آمدورفت میں سہولت میسر آئے گی جبکہ رات کے اوقات میں شہریوں کو درپیش مشکلات میں بھی کمی واقع ہوگی۔
اس موقع پر علاقہ مکینوں نے چیئرمین میونسپل کمیٹی قلات نوابزادہ میر شعیب جان زہری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قلات شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، سیوریج لائنوں کی تعمیر، گلیوں کی ٹف ٹائلنگ اور دیگر ترقیاتی کاموں سے شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بہتری آرہی ہے۔
علاقہ مکینوں نے کہا کہ چیئرمین میونسپل کمیٹی کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود اور شہر کی ترقی کے لیے جاری اقدامات ان کی علاقے کی تعمیر و ترقی اور عوامی خدمت سے وابستگی کا واضح اظہار ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔






