3

یونیورسٹی آف مکران پنجگور میں نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے ڈسکشن سیشن

پنجگور: یونیورسٹی آف مکران، پنجگور میں “ملک میں نئے صوبوں، انتظامی یونٹس اور طرزِ حُکمرانی کے مستقبل” کے اہم موضوع پر ایک مذاکرے (Roundtable Discussion) کا اہتمام کیا گیا۔ نشست کی صدارت یونیورسٹی آف مکران کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میر سادات بلوچ نے کی۔ تقریب میں یونیورسٹی انتظامیہ کے علاوہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اہم افراد نے شرکت کی، جن میں ایم این اے پنجگور کم کیچ پھلین بلوچ، مسلم لیگ ن مکران ڈویژن کے صدر اشرف ساگر، پنجگور پریس کلب کے رکن و صحافی رفیق چاکر، آل پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری وقار آسکانی، چیئرمین کمپیوٹر سسٹم انجینئرنگ BUTEK ڈاکٹر نور الدین، ڈین ڈاکٹر محمد یونس بلوچ، رجسٹرار آفتاب اسلم بلوچ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز عطا مہر و لیکچرار IR ڈپارٹمنٹ دیدگ بلوچ اور یونیورسٹی آف مکران کے طلباء و طالبات کی کثیر تعداد شامل تھی۔

ڈسکشن کے دوران ملک بالخصوص بلوچستان میں فاصلوں اور جغرافیائی وسعت کی وجہ سے درپیش انتظامی چیلنجز اور بنیادی خدمات کی فراہمی میں درپیش مشکلات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ تمام شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عوامی مسائل کے حل، بلا تاخیر انصاف، تعلیم اور صحت کی سہولیات کی نچلی سطح تک فراہمی کے لیے ملک میں نئے صوبے اور انتظامی یونٹس کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ چونکہ نئے صوبوں کی تشکیل ایک آئینی اور پارلیمانی عمل ہے، اس لیے اس معاملے پر تمام سیاسی و سماجی اسٹیک ہولڈرز اور عوامی نمائندگان کو مکمل طور پر اعتماد میں لیا جائے۔ اس کے علاوہ ڈسکشن میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ نئے یونٹس کے قیام کے وقت وسائل کی منصفانہ و شفاف تقسیم کو یقینی بنایا جائے، علاقائی ضروریات کو ترجیح دی جائے اور تمام قانونی و آئینی پہلوؤں کو مدنظر رکھا جائے۔

مذاکرے کے دوران وائس چانسلر، اساتذہ، سیاسی و صحافتی شخصیات اور طلباء کے درمیان ایک کھلا سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا، جس میں طلباء نے نئے صوبوں کی سیاسی اور معاشی جدوجہد کے حوالے سے کھل کر سوالات کیے اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

نشست کے اختتام پر ایک متفقہ قرارداد پاس کی گئی جس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ملک میں انتظامی بہتری اور اصلاحات کے لیے نئے صوبوں کے قیام ناگزیر ہے اس لیے اس معاملے پر بحث و مباحثے کا آغاز کیا جائے اور عوام کو آئینی اور نئے انتظامی سٹرکچر کے بارے میں بیدار اور آگاہ کیا جائے اور نئے صوبوں کے قیام، طریقہ کار اور اس کے فوائد کے بارے میں آگاہی فراہم کیا جائے۔

تقریب کے آخر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میر سادات بلوچ نے تمام مہمانوں، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور طلباء کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی آف مکران علاقائی و قومی نوعیت کے اہم مسائل پر تعلیمی و تحقیقی رہنمائی فراہم کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں