4

الخدمت بلوچستان کی جانب سے گوادر کے مائیگیر وارڈز میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی منظوری

کوئٹہ: چیئرمین میونسپل کارپوریشن گوادر ماجد جوہر نے الخدمت دفتر کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے الخدمت بلوچستان کے صدر عبدالمجید سربازی سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں گوادر کے شہریوں کو درپیش مسائل اور میونسپل کارپوریشن و الخدمت کے درمیان کچھ عرصہ قبل ہونے والے معاہدے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین ماجد جوہر نے سابقہ ایگریمنٹ کی یاد دہانی کراتے ہوئے گوادر کے مختلف علاقوں میں عوامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے گفتگو کی۔ الخدمت بلوچستان کی جانب سے مائیگیر وارڈز میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کے قیام کی منظوری دے دی گئی، جن پر جلد کام شروع کیا جائے گا، جس سے مقامی آبادی کو صاف اور پینے کے قابل پانی کی سہولت میسر آئے گی۔
ملاقات میں کوہ باتیل میں شجرکاری مہم شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، جس کا آغاز جلد کیا جائے گا۔ اس مہم کا مقصد پہاڑ میں سرسبزی کو فروغ دینا اور ماحول کو بہتر بنانا ہے۔
ملاقات کے دوران چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن گوادر مکتوم موسیٰ بھی موجود تھے۔
چیئرمین ماجد جوہر نے الخدمت بلوچستان کی جانب سے گوادر کے عوام کے لیے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ میونسپل کارپوریشن اور الخدمت کے باہمی تعاون سے شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مزید اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں