کوئٹہ : بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن (BHCC) کی ٹیم نے سیٹلائٹ ٹاؤن میں واقع ڈاکٹر زویا ہسپتال کا فالو اَپ معائنہ کیا، جس کا مقصد سابقہ معائنے میں سامنے آنے والی خامیوں اور لائسنس کے لیے پیش رفت کا جائزہ لینا تھا۔
معائنے کے دوران ہسپتال انتظامیہ کو ایمرجنسی اخراج اور انخلا کا واضح منصوبہ نمایاں مقامات پر آویزاں کرنے کی ہدایت کی گئی۔ غیر تسلی بخش انتظامات اور مطلوبہ تربیت یافتہ عملے کی عدم دستیابی پر ہسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کو سیل کرکے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
کمیشن نے ہسپتال کے مالک اور پیتھالوجسٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں ذاتی طور پر پیش ہونے اور متعلقہ ضوابط پر تحریری وضاحت جمع کرانے کی ہدایت کی۔
بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کے فوکل پرسن ڈاکٹر بسم اللہ خان کاکڑ کے مطابق طبی اداروں میں مریضوں کے تحفظ، معیاری علاج اور مقررہ ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی کا عمل جاری رہے گا۔






