3

کراچی: ماں اور اس کے تین کمسن بچوں کے لرزہ خیز قتل کا معمہ حل

کراچی : ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے پریس کانفرنس میں تفتیش کے حوالے سے اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کے مطابق ملزم ہمایوں مقتولہ مہوش کے ساتھ مبینہ طور پر ناجائز تعلقات قائم کرنا چاہتا تھا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے روز ملزم نے مہوش کے ساتھ زبردستی کی کوشش کی، جس پر خاتون نے مزاحمت کی اور ملزم کو تھپڑ مارے۔ مبینہ طور پر مشتعل ملزم نے مہوش کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
اسی دوران 18 ماہ کی معصوم اشمیرہ رونے لگی تو ملزم نے اسے بھی قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق کچھ دیر بعد مہوش کے دیگر دو بچے، جو مدرسے گئے ہوئے تھے، واپس گھر پہنچے۔ گھر کا منظر دیکھ کر بچے خوفزدہ ہوگئے، رونے اور شور مچانے لگے تو ملزم نے مبینہ طور پر دونوں بچوں کو بھی قتل کردیا۔
عرفان بلوچ کے مطابق تینوں بچوں کی لاشیں گھر میں موجود صوفے پر رکھ دی گئیں، جبکہ ملزم تمام افراد کو قتل کرنے کے بعد گھر سے فرار ہوگیا۔ واردات کے بعد ملزم دو روز تک مقتول خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ موجود رہا، حتیٰ کہ نمازِ جنازہ میں بھی شریک ہوا۔ بظاہر غمزدہ خاندان کے درمیان موجود شخص ہی پولیس کی تفتیش میں مبینہ طور پر مرکزی ملزم نکلا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے دورانِ تفتیش آلۂ قتل قریبی نالے میں پھینکنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں