اسلام آباد: وفاقی حکومت نے کفایت شعاری اور ایندھن کی بچت کے لیے نئے اقدامات نافذ کردیئے
وفاقی حکومت نے سرکاری اخراجات میں کمی اور ایندھن کی بچت کے لیے کفایت شعاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے مختلف پابندیوں اور ہدایات کا اعلان کردیا ہے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مالی سال 2026-27 کے نان ای آر ای بجٹ میں 5 فیصد کمی کی جائے گی، جبکہ سرکاری گاڑیوں کے فیول کوٹے میں 50 فیصد کٹوتی ہوگی۔
حکومتی اداروں میں نئی گاڑیوں اور دیگر پائیدار اشیا کی خریداری پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
کفایت شعاری اقدامات کے تحت وزرا اور سرکاری ملازمین کے بیرونِ ملک دوروں پر تین ماہ کے لیے پابندی ہوگی۔ ناگزیر صورت میں اجازت ملنے پر بیرونِ ملک سفر اکانومی کلاس تک محدود ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں سرکاری اجلاسوں کے انعقاد کے حوالے سے بھی نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جن کے تحت بین الاضلاعی اجلاسوں کے علاوہ دیگر میٹنگز ٹیلی کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد کی جائیں گی۔
سرکاری سطح پر رسمی عشائیوں، سیمینارز، تربیتی پروگرامز اور کانفرنسز کے انعقاد پر بھی پابندی ہوگی۔
حکومت نے شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں صرف ایک ڈش پیش کرنے کی ہدایت بھی کی ہے، جبکہ اس پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب کاروباری مراکز کے اوقات کار بھی مقرر کردیئے گئے ہیں۔ دکانیں اور بازار رات 9 بجے، میرج ہالز اور مارکیٹس رات 10 بجے، جبکہ ریسٹورنٹس اور کیفے رات 11 بجے بند ہوں گے۔
ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز کو ان اوقات کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
میڈیکل اسٹورز، بیکریاں، پیٹرول پمپس اور آئی ٹی کمپنیوں کو بھی بازاروں کی بندش سے متعلق پابندیوں سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
حکومت کے مطابق ان اقدامات کا مقصد سرکاری اخراجات میں کمی، ایندھن کی کھپت محدود کرنا اور قومی سطح پر کفایت شعاری کو فروغ دینا ہے۔






