10

ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمٰن کی ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان سے ملاقات

ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمٰن کی ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان سے ملاقات، اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے کے تحت جنت بازار، شاہی بازار، پی ٹی سی ایل گلی کے کام کی رفتار، شہری سہولیات، آوارہ جانوروں کی روک تھام اور پانی کے واجبات کی وصولی سے متعلق امور سمیت تحصیل چیئرمین کی تجویز پر نئے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا*

گوادر: ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمٰن نے ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں گوادر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں، شہری مسائل اور عوامی سہولیات سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد، چیئرمین تحصیل میونسپل کمیٹی ماجد جوہر اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

ملاقات میں جی ڈی اے کے اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے کے تحت شاہی بازار اور جنت بازار میں جاری تعمیر، توسیع، تزئین و آرائش اور بحالی کے کاموں سمیت پی ٹی سی ایل والی گلی میں کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد نے بتایا کہ جنت بازار اور شاہی بازار میں تاخیر کی بنیادی وجہ متعلقہ یوٹیلٹیز کی منتقلی ہے، بالخصوص کیسکو کی جانب سے بجلی کے کھمبوں، تاروں اور ٹرانسفارمرز کی متبادل مقامات پر منتقلی میں تاخیر کے باعث تعمیراتی کام متاثر ہو رہا ہے۔ تاہم اس سلسلے میں اقدامات جاری ہیں۔ اتفاق کیا گیا کہ یوٹیلٹیز کی منتقلی کے ساتھ ہی ٹف ٹائلنگ سمیت دیگر گراؤنڈ ورک شروع کیا جائے گا تاکہ منصوبے کو جلد مکمل کیا جا سکے۔اسی طرح سید ہاشمی روڈ تا دیمی زر روڈ، براستہ پی ٹی سی ایل، سڑک کی تعمیر میں تاخیر کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ بتایا گیا کہ متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی کے لیے جی ڈی اے مطلوبہ رقم ضلعی انتظامیہ کے حوالے کر چکی ہے، تاہم تاحال معاوضوں کی ادائیگی نہ ہونے کے باعث منصوبے پر کام تاخیر کا شکار ہے۔ اس موقع پر ایم پی اے گوادر نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملے کو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ اٹھائیں گے تاکہ متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی اور تعمیراتی کام کی تکمیل ممکن بنائی جا سکے۔

ملاقات میں چیئرمین تحصیل میونسپل کمیٹی ماجد جوہر کی تجویز پر اولڈ ٹاؤن میں ایک لاکھ مربع فٹ ٹف ٹائلز کی تنصیب کے نئے منصوبے، 50 ہزار گیلن گنجائش کے سیپٹک ٹینک کی تعمیر اور مزید گلیوں میں واٹر ڈسٹری بیوشن لائنز بچھانے کی تجاویز بھی پیش کی گئیں، جن پر ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر شہر میں آوارہ مویشیوں کی آزادانہ نقل و حرکت، ان کے باعث پھیلنے والی گندگی، شہری ماحول کی خرابی اور جی ڈی اے کی جانب سے لگائے گئے قیمتی درختوں اور پودوں کو چرائی کے ذریعے پہنچنے والے نقصان کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ اس مسئلے کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات اور متعلقہ عناصر کے خلاف کارروائی کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں پانی کے نادہندگان اور واجبات کی عدم ادائیگی کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ اس سلسلے میں عوامی نمائندوں کے تعاون سے شہریوں میں آگاہی مہم شروع کرنے، انہیں پانی کے بلوں کی بروقت ادائیگی کی ترغیب دینے اور بقایاجات کی وصولی کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں جی ڈی اے کی جانب سے اولڈ ٹاؤن میں جاری نئے سیوریج منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس حوالے سے اولڈ ٹاؤن بحالی ٹیم کو منصوبے کی مسلسل نگرانی، تعمیراتی کام کے معیار کو یقینی بنانے اور کام کی رفتار بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے پر زور دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں