حب: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر نائب صدر اور صدر مملکت آصف علی زرداری کے ترجمان برائے بلوچستان میر علی حسن زہری نے حب میں پیپلز پبلک سیکریٹریٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر میر علی حسن زہری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پبلک سیکریٹریٹ کے قیام کا بنیادی مقصد عوام کو اپنے مسائل کے اندراج اور ان کے حل کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ عوام اپنے مسائل پیپلز پبلک سیکریٹریٹ میں باقاعدہ رجسٹرڈ کروائیں، ان کے حل کے لیے یہاں پارٹی کے سینئر رہنما موجود ہیں جو عوام کے مسائل سنیں گے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات اور متعلقہ حکام سے رابطے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میرا مقصد عوام کی خدمت ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی خدمت کو اپنا مشن بنایا ہے۔ میں عوام کے مسائل اور ان کے حل کے لیے دن رات جستجو اور جدوجہد میں مصروف ہوں۔ عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ پیپلز پبلک سیکریٹریٹ عوام اور پارٹی قیادت کے درمیان براہ راست رابطے کا ذریعہ ہوگا، جہاں شہری اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز پیش کر سکیں گے اور ان کی باقاعدہ رجسٹریشن کے بعد ان کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
افتتاح کے موقع پر سیکریٹریٹ انچارج عثمان کوہ بلوچ، معشوق رند، محمد جان مری، انجینئر میر سعید مینگل، نواز دودا، بشیر مگسی، اسحاق ریکی، ممتاز لہڑی سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے میر علی حسن زہری کا شاندار استقبال کیا۔
پیپلز پبلک سیکریٹریٹ کا قیام عوامی مسائل کے اندراج، ان کی پیروی اور حل کے لیے ایک مستقل عوامی رابطہ مرکز کے طور پر کام کرے گا۔






