اورماڑہ میں ٹرالر مافیا اور وائرنیٹ کے خلاف ماہی گیروں کا احتجاج، مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کا سخت نوٹس، اعلیٰ حکام سے رابطہ
قائد حق دو تحریک بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے اورماڑہ میں ٹرالر مافیا اور وائرنیٹ کے مبینہ غیر قانونی استعمال کے خلاف مقامی ماہی گیروں کے احتجاج اور ان پر مبینہ حملوں کی خبروں کا سخت نوٹس لیا ہے۔
مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، سیکریٹری فشریز، ڈائریکٹر جنرل فشریز سمیت مختلف اعلیٰ حکام سے رابطہ کرکے اس صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ٹرالر مافیا اور وائرنیٹ استعمال کرنے والوں کی جانب سے مقامی ماہی گیروں کا استحصال، ان پر غنڈہ گردی اور سمندری وسائل کی تباہی کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اورماڑہ سمیت بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں مقامی ماہی گیروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے، غیر قانونی ٹرالنگ اور وائرنیٹ کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے اور ماہی گیروں کو ہراساں کرنے یا ان پر حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے واضح کیا کہ سمندر مقامی ماہی گیروں کا ذریعہ معاش ہے اور کسی مافیا کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ اپنی من مانی کے ذریعے غریب ماہی گیروں کے روزگار، عزت اور حقوق کو پامال کرے۔
یاد رہے کہ اورماڑہ میں نیو انجمن ماہی گیراں کی جانب سے مقامی ماہی گیروں کے ہمراہ ٹرالر مافیا کی مبینہ غنڈہ گردی، سمندری وسائل کی تباہی اور عام ماہی گیروں پر حملوں کے خلاف مین بازار میں نیشنل بینک کے سامنے احتجاج جاری ہے، جس میں انجمن تاجران اورماڑہ بھی تعاون کر رہی ہے۔






