1

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو کی زیرِ صدارت ضلع قلعہ عبداللہ کی مجموعی امن و امان کی صورتحال اور میزئی اڈہ کے مقام پر جاری دھرنے کے حوالے سے اجلاس

قلعہ عبداللہ: ڈپٹی کمشنر آفس جنگل پیر علیزئی میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو کی زیرِ صدارت ضلع قلعہ عبداللہ کی مجموعی امن و امان کی صورتحال اور میزئی اڈہ کے مقام پر جاری دھرنے کے حوالے سے ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی، پارلیمانی سیکریٹری اربن پلاننگ و چیئرمین کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اسفندیار خان کاکڑ، صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، کمشنر پشین ڈویژن قائم لاشاری، ڈی آئی جی پولیس، ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ منور حسین مگسی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خلیل احمد بگٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری ربانی خان کاکڑ سمیت دیگر اعلیٰ سول و پولیس حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلع قلعہ عبداللہ کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، علاقے میں درپیش عوامی مسائل، میزئی اڈہ کے مقام پر جاری دھرنے اور مظاہرین کے مطالبات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اس موقع پر دھرنے کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال، عوام کو درپیش مشکلات اور مسئلے کے پُرامن حل کے لیے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں متعلقہ حکام کی جانب سے ضلع کی موجودہ صورتحال اور انتظامی و سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دھرنے کے معاملے کو افہام و تفہیم اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے حوالے سے بھی غور جاری رہا۔

اجلاس کو ضلع میں امن و امان کی بہتری، عوامی مشکلات کے ازالے اور معمولاتِ زندگی کی بحالی کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں