
(عیسیٰ ترین) معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ گوادر کے ڈھور چوک کے قریب پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت مشترکہ کارروائی قابلِ تحسین ہے، دو دہشت گردوں کی گرفتاری سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت کا ثبوت ہے۔
معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے اپنے ایک بیان میں کہا، میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کامیاب کارروائی پر زبردست خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں ریاست کی رٹ کو مزید مضبوط بنائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس موبائل پر حملے کے بعد فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب کرکے انہیں گرفتار کرنا بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور فوری ردِعمل کی بہترین مثال ہے۔ گرفتار دہشت گردوں سے اہم انکشافات کی توقع ہے، تحقیقات کا دائرہ وسیع کیے جانے سے دہشت گردی کے سہولت کاروں اور نیٹ ورک تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیئے: پنجاب میں عطائیوں کی شامت، ہزاروں چھاپے، 646 اڈے بند کروا دیئے گئے
وزیر اعلیٰ کے معاون نے کہا، بلوچستان میں دہشت گرد عناصر کے خلاف مربوط انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رہنے چاہئیں، ریاست دشمن عناصر کے لیے کسی قسم کی رعایت کی گنجائش نہیں۔ گوادر میں کامیاب کارروائی اس امر کا واضح پیغام ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ یا آسٹریلیا؛ ویمن ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کی ٹرافی آج کون لے جائے گا؟






