
(عیسیٰ ترین)بلوچستان گرینڈ الائنس نے ملازمین کی گرفتاریوں کے خلاف صوبہ بھر میں سرکاری اداروں میں تالا بندی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد مختلف اضلاع میں سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند ہو گئے ہیں۔
گرینڈ الائنس کے مطابق احتجاج غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا اور سرکاری دفاتر کے ساتھ تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے۔ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ملازمین گزشتہ دو برس سے اپنے حقوق کے لیے مسلسل احتجاج کر رہے ہیں۔
اعلان کے بعد صوبے بھر میں احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ 19 جون کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے تادم مرگ بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
الائنس نے صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور سے بلوچستان کی صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے پریس کانفرنسز، احتجاج اور کارنر میٹنگز پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں؟ عوام کو جمعے کا بے چینی سے انتظار
الائنس کے مطابق گزشتہ روز پرامن احتجاج کرنے والے ملازمین پر پولیس نے شیلنگ کی اور متعدد سرکاری ملازمین کو گرفتار کیا گیا۔
دوسری جانب تالا بندی کے باعث صوبے بھر میں سرکاری امور متاثر ہونا شروع ہو گئے ہیں جبکہ تعلیمی اداروں کی بندش سے طلبہ اور والدین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، طلبہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر یہ صورتحال جاری رہی تو تعلیمی سال متاثر ہو سکتا ہے۔






