
(ویب ڈیسک)ایرانی کرنسی ریال کو پاکستانی روپے کے مقابلے میں شدید گراوٹ کا سامنا ہے اور ایک کروڑ ریال کی مالیت پاکستان میں صرف 5 ہزار روپے رہ گئی۔
تفصیلات کے مطابق سینٹرل بینک آف ایران کی جانب سے غیر ملکی کرنسیوں کے نئے سرکاری نرخ جاری کر دیے گئے ، جس کے تحت ایرانی ریال کی قدر میں مزید گراوٹ ریکارڈ کی گئی اور پاکستانی روپے سمیت تمام بڑی عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں ریال مزید سستا ہو گیا۔
ایرانی مرکزی بینک کی جانب سے کہا گیا کہ 29 جولائی 2026 کو ایک امریکی ڈالر کی سرکاری قیمت 1,421,105 ریال سے بڑھ کر 1,436,205 ایرانی ریال ہو گئی۔
اسی طرح یورو کی قیمت بھی بڑھ کر 1,633,131 ریال تک پہنچ گئی، دوسری جانب، مجاز منی چینجرز کے استعمال کردہ ‘ثناء سسٹم’ پر امریکی ڈالر 1,517,870 ریال اور یورو 1,725,994 ریال پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔
نئے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 100 پاکستانی روپے کی قیمت 517,104 ایرانی ریال مقرر کی گئی ہے، اس حساب سے سرکاری ریٹ پر 1 پاکستانی روپیہ تقریباً 5,171 ایرانی ریال کے برابر ہو چکا ہے، جو کہ ایرانی ریال کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی مستحکم پوزیشن کو ظاہر کرتا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے برعکس ایران کی اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی اصل قیمت 18 لاکھ 60 ہزار سے 18 لاکھ 90 ہزار ریال کے درمیان چل رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سب سے مہنگی طلاق
دوسری جانب پاکستانی اوپن مارکیٹ میں صورتحال بالکل مختلف ہے، جہاں ایرانی ریال کے سرکاری ریٹ اور مارکیٹ ریٹ میں بہت بڑا فرق پایا جاتا ہے۔
اس وقت پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں ایرانی ریال کا پورا 1 کروڑ (1 Crore) کا نوٹوں کا پیکٹ محض 4,500 سے 5,000 پاکستانی روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
کرنسی مارکیٹ کے ماہرین اور ڈیلرز نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کرنے والے تاجروں کو خبردار کیا ہے کہ ایرانی ریال کے سرکاری اور غیر سرکاری نرخوں میں شدید فرق کے باعث آنے والے دنوں میں قیمتوں میں بڑا اتار چڑھاؤ آ سکتا ہے۔
ڈیلرز نے مشورہ دیا ہے کہ کسی بھی لین دین کے لیے پاکستان کے مقامی اور لائسنس یافتہ ایکسچینج ہاؤسز کے ریٹس کو ہی مدنظر رکھیں کیونکہ مختلف مارکیٹ حصوں میں قیمتیں واضح طور پر تبدیل ہو رہی ہیں۔






