
(ویب ڈیسک)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے 5 اگست کو پشاور میں بڑے جلسہ اور آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہی موجودہ سیاسی حالات میں بہتری کی کنجی ہے، اور اگر ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوگیا تو حالات میں واضح تبدیلی آئے گی۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ آزاد، شفاف اور منصفانہ انتخابات ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں، دونوں بڑی سیاسی جماعتوں نے اپنی سیاست کے باعث ملک کو موجودہ صورتحال تک پہنچایا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کسی صورت کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی حمایت نہیں کرتی، کالعدم ٹی ٹی پی سے وابستہ ہر شخص کو دہشت گرد سمجھا جانا چاہیے اور دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ناگزیر ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے اور اسے نمٹانے کا طریقہ کار الگ ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں:تعلیمی ادارے بند۔۔؟ چھٹیوں میں اضافے کی تجویز!
انہوں نے اعلان کیا کہ پرامن احتجاج کو ڈیل کرنے کا طریقہ الگ ہے، 5 اگست کو پشاور میں ایک بڑا جلسہ منعقد ہوگا، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ ریاست کے تینوں ستون ایک ہوچکے ، محموداچکزئی سے ملاقات کریں گے۔
آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے بائیکاٹ کے باعث ٹرن آؤٹ صرف 5 سے 7 فیصد رہا، جو نہ ہونے کے برابر ہے، پارٹی نے عوامی مطالبات کی حمایت کی، تاہم کسی بھی ریاست مخالف مطالبے کی تائید نہیں کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اتنے مقبول رہنما کو طویل عرصے تک جیل میں رکھنا مناسب نہیں، جبکہ کشمیر کو پاکستان کی “شہ رگ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ رشتہ ہمیشہ مضبوط رہے گا۔






