7

اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی تنخواہوں اور مراعات میں بڑا اضافہسمری منظور

(امانت گشکوری)صدر مملکت آصف علی زرداری نے وفاقی حکومت کی سفارش پر سپریم کورٹ کے ججز کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے سے متعلق سمری کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد سپریم کورٹ ججز کی تنخواہیں اور مراعات وفاقی آئینی عدالت کے ججز کے برابر ہوگئی ہیں۔

نئی تنخواہوں اور الاؤنسز کا اطلاق 10 دسمبر 2025 سے ہوگا، جبکہ گزشتہ مدت کا مالی فائدہ اور اضافے کے بقایا جات بھی ججز کو ادا کیے جائیں گے، منظوری کے بعد جاری ہونے والا صدارتی حکمنامہ سپریم کورٹ ججز کی تنخواہ حکمنامہ 2026 کہلائے گا۔

حکمنامے کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کی ماہانہ بنیادی تنخواہ 15 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کردی گئی ہے، جبکہ سپریم کورٹ کے دیگر ججز کی ماہانہ بنیادی تنخواہ 15 لاکھ روپے ہوگی، ججز کی بنیادی تنخواہ 11 لاکھ روپے سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں ماہانہ تقریباً 4 لاکھ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

سپریم کورٹ ججز کے جوڈیشل الاؤنس میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے، جوڈیشل الاؤنس 11 لاکھ 61 ہزار 163 روپے سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے ماہانہ مقرر کردیا گیا، جس سے الاؤنس میں تقریباً 3 لاکھ 39 ہزار روپے ماہانہ اضافہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد آنے والی پروازوں کو اضافی فیول رکھنے کی ہدایت

حکمنامے میں سپریم کورٹ ججز کے پنشن پیکج میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں، پنشن سے متعلق ایک شق میں عمر کی حد 70 سال سے بڑھا کر 75 سال جبکہ دوسری متعلقہ شق میں 85 سال کی حد بڑھا کر 90 سال کردی گئی ہے۔

اس کے علاوہ سپریم کورٹ ججز کے لیے ماہانہ ایک لاکھ 50 ہزار روپے میڈیکل الاؤنس بھی مقرر کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں