
(عرفان ملک)لاہور میں قانون شکن عنسر کی فائرنگ سے پولیس کے دو اہلکار شہید ہو گئے۔
آج یوم آزادی سے ایک دن پہلے لاہور میں دو پولیس اہلکاروں کے ڈیوٹی کے وران شہید ہونے کا افسوسناک واقعہ تھانہ بادامی باغ کی حدود میں ہوا۔
فائرنگ کے واقعہ میں شہید ہونے والے سب انسپکٹر عدیل اور ہیڈ کانسٹیبل اسد تھانہ لاری اڈا میں تعینات تھے۔
پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے مرکزی ملزم کا نام ریحان بٹ ہے۔ فائرنگ میں ملوث دیگر افراد کی شناخت کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران اس سانحہ کی اطلاع ملنے کے بعد خود جائے وقعہ پر پہنچ گئے۔ انہوں نے ایس پی سٹی کو پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے میں ملوث قانون شکن افراد کو فوراً گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ مرکزی ملزم ریحان بٹ اور اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔
اس واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو شہید کئے جانے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ ان شہید اہلکاروں نے فرض کی ادائیگی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کیا۔ بے گناہ اہلکاروں کو شہید کرنے والے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ قاتل کہیں بھی چھپ جائیں، وہ قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
فیصل کامران نے کہا کہ شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ شہداء کے خون کا حساب قانون کے مطابق لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ایم ڈی کیٹ کیلئے رجسٹریشن کروانے کیلئے مزید دن مل گئے






