
(24 ںیوز) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ پولیس قانون کی بالادستی اور شفاف احتساب پر یقین رکھتی ہے، کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا، ڈولفن فورس کی تنظیمِ نو مقامی ایس ایچ اوز کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب نےسی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور کے ہمراہ سنٹرل پولیس آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور کے علاقے ٹاؤن شپ میں دو خواتین کی ہلاکت کی تفتیش مکمل ہوگئی ، دونوں کی موت منشیات کے استعمال سے ہوئی ۔
انھوں نے بتایا کہ راولپنڈی میں حنا جاوید قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، ایف آئی آر میں 3 ملزمان نامزد ہیں جبکہ 2 گرفتار کیے گئے ہیں، کیس کی تفتیش میرٹ پر جاری ہے اور تمام ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
آئی جی پنجاب نے بتایا کہ عبداللہ طاہر قتل کیس میں شوٹرز کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں، کیس میں ملوث شوٹرز خیبرپختونخوا فرار ہوئے، ان کے موجودہ ٹھکانوں کے بارے میں تاحال حتمی معلومات دستیاب نہیں، ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔
عبدالکریم نے بتایا کہ ڈولفن فورس کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے کے لیے اس کی تنظیمِ نو کی جا رہی ہے جبکہ ڈولفن فورس کے لیے جدید الیکٹرک بائیکس کے حصول پر کام جاری ہے جبکہ مری پولیس کو گشت اور مؤثر پولیسنگ کے لیے نئی موٹر سائیکلیں فراہم کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافہ






