2

مریم نواز کا بڑا ایکشن! آئی جی کو 7 دن کی ڈیڈ لائن دیدی

(راؤ دلشاد)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں کرپشن کے خاتمے اور امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنانے کیلئے فیصلہ کن اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے بدعنوان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا، جس میں آئی جی پنجاب نے صوبے میں جرائم کی مجموعی صورتحال اور کمی کے رجحان کے بارے میں بریفنگ دی،بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈکیتی میں 54 فیصد، قتل میں 35 فیصد، کار ڈکیتی میں 46 فیصد جبکہ موٹر سائیکل چوری کے واقعات میں 53 فیصد کمی ہوئی ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ لاہور میں قتل کے واقعات میں 43 فیصد، ڈکیتی میں 32 فیصد، کار ڈکیتی میں 43 فیصد جبکہ موٹر سائیکل چوری میں 54 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کرپشن کے لیے بدنام پولیس افسران کو ایس ایچ او تعینات نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو بدعنوان عناصر کی چھانٹی کیلئے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دے دی،انہوں نے واضح کیا کہ جس ضلع میں جرائم کی شرح زیادہ ہوگی وہاں متعلقہ ڈی پی او سے بازپرس کی جائے گی۔

مریم نواز شریف نے بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ “بچے اور خواتین میری ریڈ لائن ہیں، ان کے خلاف جرائم پر کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا،” انہوں نے بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم کے مکمل کنٹرول کیلئے جامع پلان بھی طلب کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں:شام کے سابق مفتی اعظم احمد بدرالدین حسون کو عمرقیدکی سزا

اجلاس میں ڈولفن پولیس کا آپریشنل کنٹرول متعلقہ پولیس اسٹیشن سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ پنجاب پولیس کو باڈی کیم سے لیس کرنے کیلئے 30 ستمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی،قیدیوں کی وین میں جی پی ایس اور کیمرے نصب کرنے کی بھی منظوری دی گئی اور قیدیوں کے فرار کے واقعات پر سخت کارروائی کی ہدایت کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے نقب زنی کے واقعات میں کمی کیلئے بھرپور کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے شیخوپورہ میں جرائم کے مکمل خاتمے کیلئے آپریشن کلین اپ کا حکم بھی دیا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ صوبے میں امن و امان حکومت کی پہلی ترجیح ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری ہر صورت پوری کی جائے گی،انہوں نے پولیس حکام کو جرائم کے تدارک، عوام کے تحفظ اور بدعنوان عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں