
(ویب ڈیسک )وزیر اعلیٰ کی معاون خصوصی سلمیٰ بٹ اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے شاہدرہ میں کارروائی کرتے ہوئے معروف آئسکریم برانڈ کے اسٹور سے 3 ہزار کلو فنگس زدہ آئسکریم برآمد کرلی، جسے بعد ازاں تلف کردیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کے مطابق کارروائی کے دوران اسٹور میں ایکسپائر آئسکریم فریش اسٹاک کے ساتھ رکھی ہوئی پائی گئی, ان کے مطابق برآمد ہونے والی آئسکریم گزشتہ سال نومبر میں ایکسپائر ہوچکی تھی۔
فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق ایکسپائر اور فنگس زدہ آئسکریم کو مختلف شہروں میں سپلائی کیے جانے کی تیاری تھی، تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے 3 ہزار کلو آئسکریم قبضے میں لے کر تلف کردی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:پٹرول کیلئے ہنگامی صورتحال! ڈرائیور آدھا ٹینک خالی ہونے سے پہلے ہی بھرانے لگے
حکام نے کارروائی کے بعد معروف آئسکریم برانڈ کی ڈسٹری بیوشن بھی بند کردی، جبکہ خلاف ورزی پر کمپنی پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ فریش اسٹاک کے ساتھ ایکسپائر مصنوعات رکھنا سنگین خلاف ورزی ہے۔
فوڈ اتھارٹی کی جانب سے شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رکھنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔






