2

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ایران کا ایک روزہ دورہ مکمل، ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں

(24نیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ ایران کا ایک روزہ دورہ مکمل کر لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دورہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے تحت امریکا ایران تنازع کے خاتمے، پائیدار امن کے حصول اور خطے میں عدم استحکام کے مستقل خاتمے کے طریقوں پر غور کے لیے کیا گیا۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جبکہ سپریم لیڈر کے نمائندے محسن رضائی، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں خطے میں مزید کشیدگی روکنے کے لیے اقدامات پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور تنازع کے فوری خاتمے سمیت علاقائی امن کے فروغ کے امور بھی زیر بحث آئے۔

فریقین نے علاقائی امن اور تنازعات کے مذاکرات کے ذریعے حل کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا، ایرانی قیادت نے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور تنازع کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی تعمیری اور مخلصانہ سفارتی کوششوں کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی قیادت نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور تنازع کے حل کی کوششوں کی بھی قدر کی۔ 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں