
(بابر شہزاد تُرک)وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری افسران کی گریڈ 20 میں ترقی کیلئے لازم 40ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے نامزد افسران میں مزید ردوبدل کرتے ہوئے 13 افسران کی نامزدگیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے ریکٹر نیشنل سکول آف پبلک پالیسی لاہور کو ارسال کیے گئے مراسلے کے مطابق نامزدگیوں کی منسوخی میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے چار، پولیس سروس کے پانچ، سیکریٹریٹ گروپ کے ایک، وزارت دفاع کے ایک جبکہ ایف بی آر کے دو افسران شامل ہیں۔
نامزدگی منسوخ ہونے والے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسران میں شفیع اللہ خان، طاہر فاروق، عاصم رضا اور سید حسن رضا شامل ہیں جبکہ پولیس سروس کے اسد اعجاز ملہی، صادق حسین، ساجد حسین کھوکھر، ہارون راشد خان اور طارق الٰہی مستوئی کی بھی 40ویں سینئر مینجمنٹ کورس کیلئے نامزدگی منسوخ کر دی گئی ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے متعلقہ افسران کی نامزدگیوں میں ردوبدل سے نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے، یاد رہے کہ 40واں سینئر مینجمنٹ کورس 20 جولائی سے 6 نومبر 2026 تک شیڈول ہے اور نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی کے تحت نیپا اسلام آباد، لاہور، کراچی اور پشاور میں جاری ہے، سینئر مینجمنٹ کورس سرکاری افسران کی گریڈ 20 میں ترقی کیلئے لازم ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وفاقی حکومت کی جانب سے متعدد افسران کے تقرر و تبادلے،نوٹیفکیشن جاری






