
(احمد منصور)سکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف تازہ کارروائیوں میں 11 دہشت گرد مارے گئے۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا کےعلاقوں جنوبی وزیرستان اور بنوں جبکہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 2 دہشت گرد جہنم واصل کیے گئے، اسلحہ وگولہ بارود برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بارودی مواد سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کوتباہ کردیا۔
جنوبی وزیرستان کےعلاقے لدھا میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پرآپریشن کیا جس میں 5خوارج جہنم واصل ہوئے، سکیورٹی فورسزنے پہلے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی نقل وحرکت کا بروقت سراغ لگایا اور گھیرے میں لے کر مؤثر کارروائی کی۔
یہ بھی پڑھیں:نیپال میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے تباہی،157افراد ہلاک، کئی گھر متاثر
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار ساسول میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی میں 4 دہشت گرد جہنم واصل ہوئے، دہشت گردوں کو کوارڈ کاپٹر کی مدد سے مؤثرانداز میں نشانہ بنایا گیا۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ کارروائیوں میں اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ رہے اور مقامی آبادی کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔






